نوازشریف کا جعلی کورونا سرٹیفکیٹ،کیا نادرا اپنی ساکھ کھورہا ہے ؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Nawaz Sharif’s fake corona certificate issued, is NADRA’s reputation being tarnished?

پاکستان میں ایک طرف حکومت شہریوں کو کورونا سے بچانے کیلئے مختلف پابندیاں اور ویکسی نیشن کا عمل یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے تو دوسری طرف ملک میں کورونا ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفکیٹس کا معاملہ سنگین ہوتا جارہا ہے اور عوام کے ساتھ خواص کے بھی جعلی سرٹیفکیٹس سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

آج دو سال سے برطانیہ میں بغرض علاج مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف کی پنجاب میں کورونا ویکسین کے حوالے سے اطلاعات نے ملک میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور اس معاملے نے نادرا کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھادیئے ہیں۔

نوازشریف کی ویکسی نیشن
سرکاری دستاویزات کے مطابق ن لیگ کے تاحیات قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو کل 22 ستمبر کی شام کے وقت کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے جنہیں وباء سے بچاؤ کیلئے 20 اکتوبر کو لاہور آنا ہوگا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ویکسی نیٹر نوید الطاف نے کل شام 4بج کر 5 منٹ پر ویکسین لگانے کی انٹری کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسی نیشن کا اندراج کر دیا گیا ہے۔نواز شریف کی ویکسی نیشن کا گزشتہ روز لاہور کے کوٹ خواجہ سعید کے ہسپتال میں جعلی اندراج کرتے ہوئے اسے نادرا پورٹل پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔نادرا ریکارڈ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سائنو ویک کی پہلی خوراک لگائی گئی۔

کورونا کی صورتحال
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 ہزار 357 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 58 مزید شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 32 ہزار 595 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ وائرس کا شکار 27 ہزار 432 افراد انتقال کر گئے۔

کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48ہزار151 ٹیسٹ کیے گئے جس سے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1 کروڑ 90 لاکھ 49 ہزار329 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 4اعشاریہ 89فیصد رہی۔

ویکسی نیشن
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک پاکستان میں 7 کروڑ 61 لاکھ 41 ہزار484افراد کو ویکسی لگائی جاچکی ہے جبکہ پورے ملک میں یکم اکتوبر سے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سندھ میں ویکسین نہ لگوانے والوں کو خدمات کی فراہمی ویکسی نیشن سے مشروط کردی گئی جبکہ سکھر میں گرفتاریاں شروع کردی گئیں۔ویکسینیشن نہ کرانے والے 100 سے زائد افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔

سفری پابندیاں
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق ہدایات نامہ جاری کر دیاہے ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہدایت نامے کے مطابق مقامی اور انٹرنیشنل فلائٹس پر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ یکم اکتوبر سے لازمی قرار دیا گیا ہے۔سی اے اے کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر سے بغیر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے ہوائی سفر پر پابندی ہو گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسین کے سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق معالج کا میڈکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط برقرار رہے گی۔ہدایت نامے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ بیرونِ ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے پاکستان کے ایئر پورٹس پر کورونا وائرس کے ریپڈ ٹیسٹ ہوں گے۔

نادرا او ر کورونا ویکسین
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کورونا ویکسی نیشن پاس متعارف کروا چکی ہے، اس نظام کوکیو آر کوڈ سے منسلک کیا گیا ہے۔ ترجمان نادرا کے مطابق کیو آر کوڈ کی اسکیننگ سے شناختی کارڈ، پاسپورٹ نمبر اور ویکسین کی تفصیل سامنے آجاتی ہے۔’ویکسی نیشن پاس‘ بیرون ممالک جانے والے کسی بھی اتھارٹی کو چیک کرایا جاسکتا ہے، جعل سازی سے ویکسی نیشن کارڈ میں کیو آر کوڈ نہیں لگایا جا سکتا۔

جعلی سرٹیفکیٹ
پاکستان میں کورونا ویکسین کے حوالے سے منفی اطلاعات سامنے آنے کے بعد کئی شہروں  میں لوگوں  نے ویکسین لگوانے کے بجائے ویکسی نیشن کرنے والے عملے کو پیسے دیکر جعلی سرٹیفکیٹس حاصل کئے۔

اس حوالے سے کئی خبریں پہلے بھی منظر عام پر آچکی ہیں جبکہ دوسال سے بیرون ملک مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف کی ویکسی نیشن نے ویکسی نیشن کے عمل اور نادرا کے نظام پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو شائد کورونا فری پاکستان کا خواب پورا ہونے میں مزید کئی سال لگ جائیں۔

Related Posts