پاک فوج کے ریٹائرڈ آرمی جنرل نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے اِس دعوے پر ردِ عمل دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان نے کروز میزائل بنا لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے امریکی میزائلوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے کروز میزائل تیار کیے ہیں جس کی سابق آرمی جنرل نے شدید مذمت کی۔
جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ ایک وزیرِ اعظم کی حیثیت سے نواز شریف نے حلف اٹھایا تھا کہ قومی راز کسی صورت فاش نہیں کروں گا، رازداری کا حلف اٹھانے کے باوجود غیر ملک میں جا کر قوم کا راز فاش کیا گیا۔
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے افشائے راز کو انتہائی غلط حرکت قرار دیتے ہوئے جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ صرف کریڈٹ لینے کے چکر میں میاں نواز شریف نے قومی راز سے پردہ اٹھایا۔
ن لیگ کے تاحیات قائد میاں نواز شریف نے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کو کروز میزائل دئیے جبکہ امریکا نے جنگِ افغانستان میں جو میزائل داغے وہ بلوچستان میں آگرے تھے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل نواز شریف نے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان مں غلام بن کر نہیں بلکہ شہری کی حیثیت سے رہنا چاہتا ہوں۔
گزشتہ روز اپنے خطاب میں سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں نے عزت کی زندگی جینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کی گرفتاری پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: غلامی کی بجائے عزت کی زندگی جینا چاہتا ہوں۔ نواز شریف