سابق وزیر اعظم نواز شریف العزیزیہ اور ایون فیلڈ سے متعلق کیسز کی سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ نواز شریف کے کیسز کی سماعت کرے گا۔
نواز شریف پی ٹی آئی کے ساتھ بھی مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔رانا ثناء اللہ
قبل ازیں وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ نواز شریف کی اپیلوں پر دلائل کی سماعت کرکے میرٹ پر فیصلہ کیا جائے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کیسز کی سماعت کیلئے مری سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف تحریکِ انصاف کے ساتھ بھی مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام کے دوران 2 روز قبل گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارے قائد نواز شریف نے سب کے ساتھ مل کر کام کرنے کی جو بات کہی، اس میں تحریکِ انصاف بھی شامل ہے۔
گفتگو کے دوران ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی بات میں پی ٹی آئی تو شامل ہے تاہم 9 مئی کا مجرم ٹولہ اس میں شامل نہیں۔ کیا 9 مئی واقعات کے ملزمان کے علاوہ تحریکِ انصاف کا کوئی وجود نہیں؟