کوئٹہ کا نامور باکسر شیر باز مری کراچی میں لوڈنگ کا کام کرنے پر مجبور

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کوئٹہ کے نامور باکسر شیر باز مری کراچی میں لوڈنگ کا کام کرنے پر مجبور
کوئٹہ کے نامور باکسر شیر باز مری کراچی میں لوڈنگ کا کام کرنے پر مجبور

کراچی: کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نیشنل لیول کے باکسر شیر باز مری نے بے شمار میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، مگر حالات کے ہاتھوں مجبور ہوکر شیر باز مری ان دنوں کراچی میں لوڈنگ کا کام کرنے پر مجبور ہے۔

ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے شیر باز مری نے کہا کہ ان کا تعلق کوئٹہ سے ہے، جبکہ آمدنی اور روزگار نہ ہونے کے باعث وہ کراچی آگئے ہیں اور ان دنوں وہ ایک سوزوکی میں لوڈنگ کا کام کررہے ہیں، جس سے جو تھوڑے بہت پیسے ملتے ہیں ان سے اپنا گزر بسر کرتے ہیں۔

شیر باز مری نے کہا کہ میں اس وقت پروفیشنل باکسنگ کھیل رہا ہوں، پورے پاکستان سے میڈل جیتے ہیں، آل بلوچستان سے لے کر آل کوئٹہ تک، پھر آل سندھ بلوچستان، آل پاکستان، نیشنل لیول کے تمام میڈل میرے پاس ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ باہر کے ممالک میں میڈلز جیتنے والے فائٹرز کو بہت عزت دی جاتی ہے، مگر پاکستان میں اس حوالے سے کوئی پذیرائی نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ ٹائٹل فائٹ کے لئے مجھ سے تیس ہزار روپے مانگے گئے ہیں، جو میرے پاس نہیں ہیں کہ میں ٹائٹل کی فیس بھرسکوں۔

انہوں نے کہا کہ گھر چلانے اور فائٹ کھیلنے کے لئے مزدوری کرنے پر مجبور ہوا ہوں، انہوں نے کہا کہ فائٹ کی تیاری کے لئے ہمیں تیاری کرنی پڑتی ہے، ڈائٹ کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے، جس پر کافی اخراجات لگتے ہیں، مگر جب ہم میڈلز جیت جاتے ہیں تو اس کے بعد ہماری کسی بھی سطح پر کوئی پذیرائی نہیں ہوتی۔

دبئی میں فائٹ کھیلنے کے لئے ایک لاکھ سے 2لاکھ روپے لگتے ہیں، اللہ جانتا ہے کہ ہمارے پاس لاکھ تو بہت دور کی بات ایک ہزار روپے بھی نہیں ہیں، پاکستان میں ابھی جو پروفیشنل فائٹ ہونے والی ہے، اس کے لئے بھی کم از کم 30ہزار روپے لگتے ہیں اور 30ہزار روپے تو صرف فیس لگتی ہے، اس کے علاوہ ہمیں جو ڈائٹنگ ہوتی ہے، کام چھوڑنا پڑتا ہے، گھر چلانا پڑتا ہے، ٹریننگ کرنی پڑتی ہے، کیونکہ جب آپ ڈبل ٹریننگ کرتے ہیں اور اچھی خوراک لیتے ہیں تو آپ فائٹ کے قابل ہوتے ہیں۔

باکسر شیر باز مری نے کہا کہ حکومت سے ہماری اپیل ہے کہ اسپورٹس مین کو ترجیح دیں، پاکستان میں باکسنگ کے شعبے میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، آپ باکسر کو آگے لائیں گے تو باکسر اولمپئن تک کھیل کر پاکستان کا نام روشن کرسکے گا، اسپورٹس مین کو ترجیح دینے سے پاکستان نام روشن ہوگا، آخر میں انہوں نے کہا کہ میں انشاء اللہ فائٹ لڑونگا اور جیتنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

Related Posts