اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے بول ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو شعیب شیخ کو طلب کر لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے بول ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو اور دو اینکرز کو طلب کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ بول ٹی نے غیر قانونی مطالبات نہ ماننے پر میرے خلاف 77 پروگرام کیے۔ استحقاق کمیٹی نے ڈی جی ایف آئی اے کو بھی طلب کیا ہے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے ڈی جی ایف آئی اے سے ایگزیکٹ کمپنی کے جعلی ڈگری فراڈ کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اگر سزا یافتہ یا عدالت سے مفرور ملزمان کا ٹی وی پر انٹرویو نہیں ہوسکتا تو سزا یافتہ شخص اور فراڈ میں ملوث انتظامیہ ٹی وی چینل کی مالک کیسے ہوسکتی ہے؟
فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت، اسمبلی اور تمام فورمز پر فراڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
میرا نکتہ یہ بھی تھا کہ اگر سزا یافتہ یا عدالت سے مفرور ملزمان کا ٹی وی پر انٹرویو نہیں ہو سکتا تو سزا یافتہ شخص اور فراڈ میں ملوث انتظامیہ ٹی وی کی مالک کیسے ہو سکتی ہے؟ انشاللہ عدالت،اسمبلی اور تمام فورمز پر ان فراڈیوں کیخلاف کاروائ منطقی انجام تک پہنچاؤں گا۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 4, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ہفتے وزیر اعظم عمران خان کو 30 ارب ڈالر کا ایکسپورٹ پلانS پیش کریں گے۔
ٹوئٹر پر 4 روز قبل اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں 1970ء کی دہائی تک پاکستان تیسری دنیا کے اکثر ممالک سے بہت آگے تھا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کو 30 ارب ڈالر کا ایکسپورٹ پلان پیش کرنے کا اعلان