راولپنڈی:قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری کو آج صبح طلب کیا ہے، ن لیگ رہنما احسن اقبال آج نیب دفتر میں حاضر ہوں گے۔
احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو گزشتہ روز طلبی کا نوٹس بھیجا جس کے مطابق ن لیگ رہنما احسن اقبال پر بدعنوانی کے الزامات ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ کیس میں طلب کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق حلقے میں اربوں روپے کا اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
نیب حکام کے مطابق احسن اقبال نے خلافِ قانون 3 ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا جبکہ نارووال میں اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی اختیارات سے تجاوز کیا۔
حکام کے مطابق ن لیگ رہنما احسن اقبال نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ان پر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے نارروال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ کیس میں اربوں روپے کی بدعنوانی کا الزام ہے۔
نیب راولپنڈی نے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کو بدعنوانی کے الزامات پر اپنا مؤقف بیان کرنے اور دفاع کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سابق صدرِ پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کی مخالفت کا مطلب فوج کے ساتھ محاذ آرائی نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پردو روز قبل اپنے پیغام میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی حمایت پر پوسٹرز اور چند جلوسوں سے مشرف مخالف جذبات بھڑک گئے تو کیا ہوگا؟
مزید پڑھیں: مشرف کی مخالفت کا مطلب فوج سے محاذ آرائی نہیں۔ احسن اقبال