کراچی: نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے نکاٹی کے مطالبے پر کارکنوں اور صنعتی ورکرز کو بے روزگاری سے بچانے کے لیے ’’ ری فنانس اسکیم فار پیمنٹ آف ویجز اینڈ سیلریز ٹو دی ورکرز اینڈ ایمپلائز آف بزنس کنسرنس‘‘ متعارف کروانے پر وزیراعظم عمران خان،مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر سے اظہار تشکر کیاہے۔
نکاٹی کی جانب سے بیان میں کہنا ہے کہ اس اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 4فیصد مارک اپ کو بھی ختم کیا جائے اور اسلامک بینکنگ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے سود سے پاک قرضے فراہم کیے جائیں تاکہ ملک بھر کے ایسے صنعتکار بھی اس سے مستفید ہوسکیں جو سودپر کام کرنے کے قائل نہیں۔
نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان اور صدر نسیم اخترنے ایک بیان میں کہاکہ رونا وائرس کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے باعث صنعتوں کو تالے لگے ہیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں جس سے تاجروصنعتکاروں کو خطیر مالی نقصانات کا سامنا ہے جبکہ کارکنوں کے بڑے پیمانے پر بے روزگار ہونے کے خطرات بھی منڈلا رہے ہیں۔
کاروبار ،صنعتوں کی بندش کی وجہ سے صنعتکاروں کے پاس سرمائے کی اس حد تک قلت پیدا ہوگئی ہے کہ ان کے پاس ورکرز کو اپریل کی تنخواہوں دینے کی بھی سکت نہیں تاہم اس اقدام سے صنعتوں کو بحران سے نکالنے اور ورکرز کو بے روزگاری سے بچانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
نکاٹی کے رہنماؤں نے کہاکہ چند روز قبل ہم نے صنعتکار برادری کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سے صنعتکاروں کو بنگلہ دیش کی طرز پر آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ اگر ایسا نہ کیا جاتا تو صنعتوں میں معمول کے مطابق دوبارہ پیداواری سرگرمیاں بحال کرنا انتہائی دشوار ہوتا جبکہ لاکھوں ورکرز کو ممکنہ طور پر اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑتا۔
مزید پڑھیں:صنعت و تجارت کو قدغنوں اور پابندیوں سے آزاد کیا جائے، میاں زاہد حسین