اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس میں سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کو گواہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے اربوں کی کرپشن کے کیس میں بشریٰ بی بی کو گواہ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ بشریٰ بی بی کو بطور گواہ نوٹس بھی ارسال کردیا گیا ہے۔
بنوں میں دہشتگردوں سے مقابلہ، پاک فوج کے 2 جوان شہید
قومی احتساب بیورو کی جانب سے بشریٰ بی بی کو نوٹس بھجوایا گیا ہے جس میں سابق خاتونِ اوّل کو بطور گواہ 7 جون کے روز بیان قلمبند کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب نے بشریٰ بی بی کو بطور ملزمہ کی بجائے بحیثیت گواہ نوٹس ارسال کیا ہے۔ نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت احتساب بیورو حکام نے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو گواہ بننا ہوگا۔
نوٹس میں بطور گواہ طلبی کے ذکر کے ساتھ ساتھ بشریٰ بی بی سے القادر ٹرسٹ کیس سے متعلق دستاویزات اور ٹرسٹ کی رجسٹریشن، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو کے حکام نے مؤقف اپنایا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔