اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے برطانیہ سے فنڈز کی واپسی کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ کے 21 اراکین کو بطور گواہ طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی دورِ حکومت میں برطانیہ سے فنڈز کی واپسی پر نیب نے ایکشن لیتے ہوئے سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک، سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری اور سابق وفاقی کابینہ کے 21 اراکین کو تفتیش کیلئے بطور گواہ طلب کیا۔
دورۂ لندن، مریم نواز کی 3سال بعد نواز شریف سے ملاقات
عمران خان کابینہ کے جن اراکین کو قومی احتساب بیورو نے تحقیقات کیلئے طلب کیا، ان میں سابق وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، سابق وزیرِ مواصلات مراد سعید اور سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید بھی شامل ہیں جن کو نوٹس جاری کردئیے گئے۔
جن سابق اراکینِ وفاقی کابینہ کو نیب طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں سابق وزیرِ ہوابازی غلام سرور خان، سابق وزیرِ توانائی حماد اظہر، سابق وزیرِ اطلاعات شفقت محمود اور سابق وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری بھی شامل ہیں۔
قومی احتساب بیورو طلب کیے گئے سابق اراکینِ کابینہ میں فیصل واؤڈا، علی امین گنڈا پور، علی زیدی اور اعجاز شاہ کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سرکردہ رہنما خالد مقبول صدیقی اور سابق وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم بھی شامل ہیں۔