سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف کوئی نئی انکوائری نہیں کی جارہی۔
نیب کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کے خلاف نئی تحقیقات شروع ہونے کے متعلق خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسی تمام خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
اعلامیے کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ ہی نئی انکوائری شروع کرنے کے اختیارات رکھتا ہے جبکہ فی الحال سینئر رہنما احسن اقبال کے خلاف کوئی نئی انکوائری زیر غور نہیں ہے، نہ ہی اس کا آغاز کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے فیصلہ کیا کہ پارٹی صدر شہباز شریف کی جگہ احسن اقبال مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کے دوران پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کے قائد نواز شریف سے مارچ کے دوران پارٹی قیادت سے معذرت کر لی ہے جبکہ نواز شریف نے انہیں ہدایت کی تھی کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں (ن) لیگی قیادت اور کارکنان کو بھرپور شرکت کرنی چاہئے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کی جگہ احسن اقبال فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں پارٹی کی قیادت کریں گے