اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی و ملک سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے کسی دباؤ، کسی دھمکی و پروپیگنڈکی زد میں نہیں آئیں گے، ہم نے اپنی منزل کا تعین کرلیا ہے اور اسی پر گامزن ہیں۔
چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا عزم کیا ہوا ہے،بد عنوانی کو ختم کرکے دم لیں گے، بدعنوانی و ملک سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے کسی دباؤ، دھمکی اور پروپیگنڈے کی پرواہ کئے بغیر منزل کا تعین کیا ہے جس کا مقصد وطن عزیز پاکستان کو کرپشن فری بنانا ہے۔ہم کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب زیروٹالیرنس پالیسی پر قانون کے مطابق سختی سے عمل پیرا ہے،چاہے کوئی کتنا ہی با اثر کیو ں نہ ہو اسے بد عنوانی نہیں کرنے دیں گے۔ فراڈ، منی لانڈرنگ،آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ذریعے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہچائیں گے اور ملک سے لوٹی رقم برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کروائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کا کسی سیاسی، جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، نیب کی وابستگی صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب کی کارکردگی کو قومی و بین الاقوامی اداروں نے سراہاہے اور گیلپ سروے میں انسٹھ فیصد عوام نے نیب کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔