کراچی: سوشل میڈیا اسٹارز مصطفیٰ چوہدری اور مرتضیٰ چوہدری نے کہا ہے کہ گورے اداکاروں نے شوبز میں جلد کا رنگ بدلنے اور خوبصورت بننے کا رجحان پیدا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ چوہدری اور مرتضیٰ چوہدری احسن خان کے شو میں شریک ہوئے اور فنکاروں میں جلد کے رنگ سے متعلق عدم تحفظ کے احساس پر شگفتہ انداز میں گفتگو کی جس سے ناظرین و سامعین بے حد محظوظ ہوئے۔
دونوں مزاحیہ اداکاروں نے کہا کہ ہم نے بہت سے اداکاروں کو اپنی جلد کا رنگ بدلتے ہوئے بہت مرتبہ دیکھا۔ احسن خان جیسے اداکاروں نے گورے رنگ کا تناسب متاثر کیا جس سے شوبز انڈسٹری میں جلد کا رنگ بدلنے کا رجحان پیدا ہوا۔
گفتگو کے دوران چوہدری برادران نے کہا کہ احسن خان جیسے لوگوں نے ہر فنکار کو اس دوراہے پر لاکھڑا کیا جہاں انہیں گورا ہونے کا فیصلہ کرنا تھا۔ تمام اداکاروں کو گورا ہونے کے انجکشن لگوانے پڑیں گے۔ آپ جیسے فنکاروں کو سوچنا چاہئے۔
میزبان احسن خان سے مزاحیہ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری برادران نے کہا کہ اب شوبز انڈسٹری کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ آپ جیسے حد سے زیادہ گورے فنکاروں کو اپنا رنگ بدل کر سانولا کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔
احسن خان نے کہا کہ اسکرین کیلئے تھوڑا بہت میک اپ بھی ضروری ہے جس پر مرتضیٰ چوہدری نے کہا کہ میں میک اپ کی بجائے انجکشن کی بات کررہا ہوں۔ شوبز انڈسٹری کے فنکاروں کو ایسے کاموں سے بچنا ہوگا۔
مرتضیٰ چوہدری نے کہا کہ میں نے اور مصطفیٰ چوہدری کسی اداکار یا فنکار کا نام نہیں لیں گے۔ اس لیے احسن خان کو پریشان نہیں ہونا چاہئے۔ مصطفیٰ چوہدری نے کہا کہ انجکشن بھی ضرور لگوائیں لیکن وہ نہیں جو بھینسوں کو لگوائے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہراسگی کیس، اقرار الحسن نے عائشہ اکرم کو بہادر خاتون قرار دے دیا