اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ بجلی سستی ہونے والی ہے اور اس کا فیصلہ ہوچکا ہے، بجلی کا اضافی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔
نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ حکومت بجلی سستی کرے گی جس کا فیصلہ ہوچکا ہے، اب ملک کے 86 فیصد گھروں کی بجلی کا اضافی بوجھ حکومت نے برداشت کرنا ہے۔
گفتگو کے دوران وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ بجلی سستی کرنے کیلئے قومی خزانے سے 50 ارب روپے نکال کر بجلی کے محکمے کے حوالے کردئیے گئے ہیں۔ آئی پی پیز کے معاملے پر جماعتِ اسلامی سے نتیجہ خیز مذاکرات کریں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ 3 اراکین قومی اسمبلی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرچکے ہیں اور یہ کہہ چکے ہیں کہ ہم اپنی تنخواہ میں بجلی کا بل ادا نہیں کرسکتے۔
رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کے بیان کے مطابق ایک رکنِ قومی اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 22 ہزار روپے ہوتی ہے۔خیال رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں عوام سے بجلی بلز کے ساتھ بھاری بھرکم ٹیکسز بھی وصول کیے جارہے ہیں۔