وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سارے چور سر جوڑ کر مل بیٹھیں تو تھانے دار کو ایماندار سمجھنا چاہئے، فضل الرحمان کا آزادی مارچ عمران خان کے دھرنے سے مختلف ہے۔
وزیر مواصلات مراد سعید نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان کی سیاست ان کے مفادات سے شروع ہو کر انہیں پر ختم ہوجاتی ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے دوران کارکنوں پر تشدد کے باوجود ہم نے راستے بلاک کرنے کی کوشش نہیں کی، اور اب فضل الرحمان کے حکومت مخالف مارچ میں بھی روڑے نہیں اٹکائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان معاہدے کے بارے میں وزیر مواصلات نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ معاہدہ یہ تھا کہ حکومت کی طرف سے کنٹینر نہیں ہوگا جبکہ اپوزیشن نے صرف جلسے کی بات کی تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کو بہت دکھ ہے کہ ان کی کشمیر کمیٹی کی سربراہی چھن گئی، آج کشمیر کی آواز ان کے جانے کے بعد دنیا تک پہنچی ہے جبکہ مولانا بے روزگار ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے پاس بھی مولانا فضل الرحمان نوکری کے لیے گئے، لیکن بات نہ بن سکی، ان کی سیاست عوامی نہیں، نہ ان کا کوئی بیانیہ ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر مواصلات مراد سعید کی سربراہی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے پہلی مالی سہ ماہی کے دوران ریکارڈ ریونیو حاصل کر لیا ہے جبکہ موجودہ ریونیو 10 ارب 14 کروڑ روپے تک جا پہنچا۔
وزارتِ مواصلات کی بدھ کے روز جاری کردہ رپورٹ کے مطابق این ایچ اے کا رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران حاصل کردہ ریونیو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 ارب 68 کروڑ روپے زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے پہلی سہ ماہی کے دوران ریکارڈ ریونیو حاصل کر لیا