خرطوم: سوڈان میں پیرا ملٹری فورسز اور فوج کے مابین خانہ جنگی کے باعث 500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے، فریقین کے مابین 1 ہفتے کیلئے جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوڈان کے آرمی چیف اور پیرا ملٹری فورسز کے سربراہان کے مابین جنگ بندی پر اتفاقِ رائے کا دعویٰ سوڈانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں سامنے آیا ہے۔
ایئرپورٹ سے خاتون کے بیگ سے 22 سانپ برآمد
عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کو تیار ہیں۔ دونوں فریقین کے مابین گفت و شنید کیلئے نمائندگان کی تقرری پر بھی اتفاق کر لیا گیا۔
بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 4 سے 11 مئی تک جنگ بندی کے بعد دوبارہ خانہ جنگی ہوسکتی ہے۔ قبل ازیں 15 اپریل سے جاری لڑائی میں 500سے زائد افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی ہوگئے۔
عالمی ادارے (اقوامِ متحدہ) کے مطابق خانہ جنگی کے باعث سوڈان سے غیر ملکی شہریوں سمیت 45 ہزار افراد نے نقل مکانی کی۔ پیرا ملٹری فورسز اور فوج کے مابین جھڑپوں کے جاری رہنے کی صورت میں 3لاکھ کے قریب افراد نقل مکانی کرسکتے ہیں۔