محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے 25 سے 30 جولائی تک کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
پیر کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔بارش کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مسلسل ملک میں داخل ہو رہی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ 26 جولائی سے مون سون کی ایک تازہ مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا بھی امکان ہے۔
25 اور 26 جون کو کوئٹہ، کراچی، حیدرآباد ملتان اور پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ایم ڈی اے نے اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور سمیت نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے، جبکہ مری، گلیات، کشمیر، جی بی اور خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی موسمی بارشوں کو شدید اور زیادہ غیر متوقع بنا رہی ہے۔
گزشتہ موسم گرما میں، مون سون کی تیز بارشوں نے پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈبو دیا تھا، جس سے 20 لاکھ گھروں کو نقصان اور 1,700 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔