جنیوا: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 1 ہزار 667 افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 54 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 3 لاکھ 7 ہزار 725 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 9 ہزار 300افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 95 ہزار 797 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے تاہم وائرس کے تشویشناک کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
اب تک 188ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث اٹلی، ایران، ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔وائرس پاکستان اور ہمسایہ ممالک سمیت امریکا بھی پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز 666 تک پہنچ گئے ، ہفتے کے روز مزید کیسوں کی اطلاع ملی ، حکومت کی جانب سے اقدامات کے باوجود متاثرین کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔
کورونا وائرس سے سندھ پاکستان کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا کیونکہ اب تک COVID-19 مریضوں کی مجموعی تعداد 396 ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس مزید پھیل گیا، کیس 730 سے تجاوز