فیصل آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اس کے نوجوانوں اور طالبعلموں کے ہاتھ میں ہوتا ہے،وزیراعظم ملک کے نوجوانوں کے ہاتھ میں اوزاروں کی بجائے قلم کتاب دیکھنا چاہتے ہیں،نوجوانوں کو پروفیشنل ہنر سکھانے کیلئے ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے باعث اب کوئی طالبعلم بے وسائل نہیں رہے گا،ہمارا ہر عمل ملک و قوم کی بہتری و فلاح اور عوامی خوشحالی کیلئے ہونا چاہیے جس کیلئے ہم سب کو مثبت رویوں کو فروغ دینا ہوگا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے یہ بات ہفتہ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین مدنی چوک سمن آباد فیصل آباد میں گریجویشن کرنے والی طالبات کو ڈگریاں اور ایوارڈز تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ کا نووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ جتنی بھی طالبات آج ڈگریاں لیکر تعلیم کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھنے جارہی ہیں وہ ان سب کو مبارک پیش کرنے سمیت ان کے بہتر مستقبل کیلئے دعاگو ہیں کیونکہ آج انہیں اپنی محنت کا ثمر مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر موجودہ ملکی اور عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اشد ضروری ہے کہ ہم ایسا ایجوکیشن سسٹم لائیں کہ جس سے ایسے انٹر پرینیورز تیار ہوں جو نوکریاں ڈھونڈھنے کی بجائے نوکریاں دینے والے بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کااس بات پر فوکس ہے کہ جو پڑھنا چاہے وہ دل لگا کر پڑھے اور اسے اپنے مالی وسائل و معاشی مسائل کی فکر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ حکومت انہیں اعلی ترین و مطلوبہ تعلیم کی فراہمی اور کیریئر کی تکمیل تک نہ صرف ان کے ساتھ کھڑی بلکہ انہیں تمام وسائل بھی فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اس کے نوجوانوں اور طالب علموں کے ہاتھ میں ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے ہی کل کو تعلیم و تربیت سے فارغ التحصیل ہو کر عملی زندگی میں آنا اور ملک کے مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کالوہا منوانا ہوتا ہے اسلئے حکومت اس جانب بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
وزیراعظم عمران خان بھی ملک کے نوجوانوں کے ہاتھ میں اوزاروں کی بجائے قلم کتاب دیکھنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں کو پروفیشنل ہنر سکھانے کیلئے ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں جبکہ احساس پروگرام کے باعث اب کوئی طالبعلم بے وسائل نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال مستحق، ذہین، کم وسائل26 لاکھ طلبا و طالبات کو 28 ارب روپے مالیت کے سکالر شپ دیئے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل گریجوایشن کرنیوالے طلبا کیلئے سکالر شپ پورٹل کا بھی افتتاح کیا ہے لہٰذا اگر کسی طالبعلم کو وظیفے کے بارے میں کسی قسم کی کوئی شکایت ہو تو وہ پورٹل پر اس کا اندراج کرواسکتا ہے جس کا 24 گھنٹے میں ازالہ کیا جا ئے گا۔
مزید پڑھیں: عورت مارچ جیسے معاملات میں حکومت کو فریق نہیں بننا چاہئے۔فواد چوہدری