کراچی: الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ 249 میں ضمنی انتخاب کیلئے ن لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں مفتاح اسماعیل کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار حسنین چوہان ایڈووکیٹ سندھ ہائی کورٹ کو قائل کرنے میں ناکام رہے۔
ضمنی الیکشن کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے گاڑیوں سے متعلق تفصیلات کاغذاتِ نامزدگی میں ظاہر نہیں کیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 36 کروڑ ہے۔ درخواست گزار نے عدالت میں دوہری شہریت، بینک ڈیفالٹ، یوٹیلٹی بلز، نیب ریفرنس میں نامزدگی جیسے نکات بھی اٹھائے۔
وکیل نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے حلف نامے میں جھوٹ بالا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیکس ادا نہیں کیا گیا تو ایف بی آر نے نوٹس کیوں نہیں دیا؟ ہم یہاں سمری پراسیڈنگ کر رہے ہیں۔ شواہد کا جائزہ نہیں لیا جارہا۔
سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایل این جی ریفرنس میں مفتاح اسماعیل کو سزا ہوئی ہو تو بتا دیں۔ ان کے اثاثے منجمد ہیں، اگر سزا ہوگئی تو خود ہی نااہل ہوجائیں گے۔
حسنین چوہان ایڈووکیٹ نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے 2020ء میں اپنی اہلیہ کو 15 کروڑ روپے کے تحائف دئیے۔ کاغذاتِ نامزدگی میں 3 کروڑ کے تحائف کا ذکر نہیں ہے۔ حلف نامے میں حقائق چھپائے گئے اور جھوٹ بولا گیا۔ مفتاح اسماعیل کو نااہل کیا جائے۔
عدالت نے دو طرفہ دلائل سننے کے بعد درخواست گزار حسنین چوہان ایڈووکیٹ کی درخواست مترد کردی۔ ٹریبونل نے ن لیگ کے امیدوار کو کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید احمد 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے گلگت بلتستان پہنچ گئے