اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملک کی معاشی صورتحال پر سابق وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلط بیانی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز سابق وزیرِخزانہ و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو معیشت کی گاڑی بہترین رننگ کنڈیشن میں ملی ہے۔ ریکارڈ برآمدات، ریکارڈ فصلیں، صنعتی پیداوار میں اضافرہ اور تیزی سے بڑھتے ہوئے روزگار کے مواقع ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
پی ٹی آئی دورِحکومت میں معیشت کی صورتحال ریکارڈ حد تک بہتر ظاہر کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ جس سست روی اور نااہلی سے موجودہ حکومت فیصلے کر رہی ہے، لگتا ہے کہ انجن نے جلد ہی دھواں چھوڑنا شروع کردیا ہے، تاہم موجودہ وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل نے پی ٹی آئی کے دعوے بے بنیاد قرار دے دئیے۔
امپورٹد حکومت کو بہترین رننگ کنڈیشن میں معیشت کی گاڑی ملی ہے… ریکارڈ ایکسپورٹس، ریکارڈ فصلیں، صنعتی پیداوار میں اضافہ، تیزی سے روزگار کے مواقع میں اضافہ. جس سست روی اور نا اہلی سے یہ فیصلے کر رہے ہیں، لگتا ہے انجن نے جلد دھواں چھوڑنا شروع کر دینا ہے
— Asad Umar (@Asad_Umar) April 19, 2022
آج اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ خسارہ اور سب سے زیادہ تجارتی خسارہ، بلند ترین شرحِ مہنگائی، گندم اور چینی جو ہم برآمد کرتے تھے، وہ درآمد کرنے پر مجبور ہیں۔ روپے کی قیمت میں تاریخی کمی ہوئی ہے۔
تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ خسارہ اور سب سے زیادہ تجارتی خسارہ ، بلند ترین مہنگائی ، گندم اور چینی جو ہم برآمد کرتے تھے درآمد کرنے پر مجبور ، روپے کی قیمت میں تاریخی کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ کمی اور اسد عمر صاحب کہہ رہے ہیں کہ معیشت اچھی ہے؟ غلط بیانی کی بھی حد ہوتی ہے
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) April 20, 2022