کراچی میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایک اور ضلعے میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، ضلع غربی، وسطی اور کیماڑی کے بعد آج ضلع شرقی میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد شہری انتظامیہ نے ضلع شرقی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے، ڈی سی ڈسٹرکٹ ایسٹ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے جمشید ٹاؤن اور گلشنِ اقبال کے مختلف علاقوں میں آج شب 12 بجے سے رواں برس کے آخری دن 31 دسمبر تک لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ عیسیٰ نگری، سوک سنٹر، پی آئی بی، ڈالمیا اور گلشن 5 میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
اس کے علاوہ جمالی کالونی، پہلوان گوٹھ، صفورہ کالونی، گلزارِ ہجری 12، فیصل کینٹ اور جمشید ٹاون کے علاقے منظور کالونی، اختر کالونی، محمود آباد، اعظم بستی، سولجر بازار اور گارڈن ایسٹ میں بھی لاک ڈاؤن رہے گا۔
علاوہ ازیں جمشید کوارٹر، پی ای سی ای ایس اور جمشید کوارٹر کے مختلف علاقوں میں شہریوں پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت پابندیاں عائد ہیں۔ شہری ماسک پہننے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کے پابند ہوں گے۔
ہر قسم کی کاروباری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی، البتہ میڈیکل اسٹورز، کریانہ اسٹورز اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ غیر متعلقہ افراد مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
شہریوں کی آمدورفت اور ٹرانسپورٹیشن پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، آن لائن ٹیکسی سروس اور پارسل وغیرہ پہنچانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
شہرِ قائد کے مذکورہ علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت شہری گھر سے وجہ بیان کیے بغیر باہر نہیں نکل سکیں گے، ہسپتال جانے کیلئے مریض کے ہمراہ صرف 1 ہی تیماردار کی اجازت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دائرہ وسیع کردیا گیا جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
روشنیوں کے شہر کراچی میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کی پابندی کے پیشِ نظر کراچی کے ضلع وسطی میں 2 روز قبل مزید علاقے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت بند کردئیے گئے۔
مزید پڑھیں: مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دائرہ وسیع ، شہری گھروں میں محصور