میکسیکن اداکارہ میلیسا بیریرا کو فلسطین کی حمایت میں بیان دینے پر ہالی ووڈ فلم سے نکال دیا گیا۔
میلیسا ”اسکریم“ فرنچائز کی پانچویں اور چھٹی فلم میں اپنے کرداروں کے لیے جانی جاتی ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر اسرائیل حماس تنازعے سے متعلق انسٹاگرام پر کچھ پوسٹس کیں اور اس وجہ سے انہیں ”اسکریم 7“ سے نکال دیا گیا۔
تینتیس سالہ اداکارہ نے جینا اورٹیگا کے ساتھ 2022 میں اس مشہور سیریز میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اسکریم 7 کے پروڈکشن بینر ”اسپائی گلاس میڈیا“ نے میلیسا کے بیانات کو یہود مخالف قرار دیا، جس کے بعد وہ اب اس ہارر فرنچائز کی آنے والی ساتویں فلم میں نظر نہیں آئیں گی۔

اسپائی گلاس نے اپنے موقف میں کہا کہ ہمارے یہاں سامیت (یہود) دشمنی یا کسی بھی شکل میں نفرت کو بھڑکانے والے بیانات بشمول نسل کشی، ہولوکاسٹ کی تخفیف یا ایسی کوئی بھی چیز جو واضح طور پر نفرت انگیز تقریر کی حد کو پار کرتی ہو اس کے لیے صفر عدم برداشت ہے۔

میلیسا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں صرف اتنا لکھا تھا کہ ’میں پچھلے دو ہفتوں سے فلسطینیوں کے بارے میں ویڈیوز اور معلومات تلاش کر رہی ہوں، کیونکہ مغربی میڈیا صرف دوسرا رخ دکھاتا ہے۔ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں، میں آپ کو خود اندازہ لگانے دوں گی۔‘