اسلامی نظریاتی کونسل کا 2 روزہ اجلاس، 39 موضوعات پر سفارشات تیار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلامی نظریاتی کونسل کا 2 روزہ اجلاس، 39 موضوعات پر سفارشات تیار
اسلامی نظریاتی کونسل کا 2 روزہ اجلاس، 39 موضوعات پر سفارشات تیار

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی : اسلامی نظریاتی کونسل کے دو روزہ طویل اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن میں جبری طلاق، عدالتی خلع، سزائے موت کیلئے پھانسی کی شرعی حیثیت سمیت دیگر اہم موضوعات پر مزید فقہی و علمی تحقیقی موضوعات کونسل کے رکن مفتی محمد زبیر کے سپرد کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ طویل اجلاس ہوا، جس میں اجلاس کے آغاز میں کونسل کے چیئرمین نے سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے حالیہ فیصلے کی بھرپور تحسین و تائید کرتے ہوئے، فیصلے پر عمل کیلئے ایک بار پھر حکومت کو اپنے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے عدالتی فیصلے کی اساس اسلامی نظریاتی کونسل ہی کی سابقہ رپورٹ کو بنانے پر بھی اظہار مسرت و اطمینان کیا، اس کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل نے موجودہ مخاصمانہ اور کشیدہ سیاسی ماحول میں مفتی محمد تقی عثمانی کے خطابِ عید کی خاص طور پر تحسین کی اور اہل دانش سے بھی ایسی صدا بلند کرنے کی درخواست کی تاکہ پاکستان میں نفرت کے بجائے اتحاد و محبت کو فروغ دیا جا سکے۔

علاوہ ازیں کونسل نے انتالیس اہم  ترین موضوعات پر اراکین کی آرا حاصل کرکے اپنی سفارشات تیار کیں، جن میں صدر مملکت کے کئی آرڈیننسز، مختلف وزارتوں کے مراسلوں کے علاوہ خواتین کی وراثت، کئی عائلی قوانین، غیر مسلم اراکین کیلئے حلف کے الفاظ ، خلع، احتجاج کے شرعی طریقے، جبری شادی، رویت ہلال، اور زکوۃ کی تقسیم میں شفافیت کے قوانین، حلال فوڈز کے اسٹینڈرڈز سے متعلق اہم موضوعات شامل تھے۔

کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اجلاس کے آخر میں بینکوں سے بھی اپیل کی کہ وہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل میں جانے سے گریز کریں اور حکومت کو عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد کرنے دیں۔

کونسل کا اجلاس چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی صدارت میں ہوا، جس میں دیگر اراکین کے علاوہ مفتی محمد زبیر، حسان حسیب الرحمن، مولانا حامد الحق، علامہ حسین اکبر، علامہ ضیا اللہ شاہ  بخاری، عرفان حبیبی، پیر ابوالحسن، مولانا نسیم علی شاہ موجود تھے۔

Related Posts