دبئی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار آپسی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بناتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، جناب احمد علی الصایغ سے ملاقات کے دوران کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ، دو طرفہ تعلقات کو خصوصی انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد، متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے سفارت خانے “معاشی سفارت کاری” کو بروئے کار لا کر بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کے وسیع تر میسر مواقع سے آگاہی دے رہے ہیں۔ پاکستان نے اپنی جغرافیائی معاشی ترجیحات پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ملاقات کے دوران فریقین نے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان، کاروباری وفود کے تبادلے اور اقتصادی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور، جناب احمد علی الصایغ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے مطلع کیا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں، یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔ اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور احمد علی الصایغ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دو طرفہ تجارت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے اپنی معاونت کا بھی یقین دلایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا گارنٹی ہے کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے دوبارہ گستاخی نہیں ہوگی، وزیراعظم