وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے اسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (پمز ہسپتال) میں گزشتہ رات سے آئی سی یو کا طبی عملہ غائب ہےجس کے بعد عوام اپنی مدد آپ پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال سے طبی عملے کا غائب ہونا محکمہ صحت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے جب کہ صحت کے حوالے سے وزراء اور مشیروں کے بلند بانگ دعووں کی قلعی کھل گئی ہے۔
پمز ہسپتال کے آئی سی یو میں مریضوں کے لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کی مدد کر رہے ہیں۔میڈیکل عملہ نہ ہونے کی وجہ سے مریض شدید اذیت کا شکار ہیں جبکہ مریضوں کے لواحقین بھی سخت پریشان ہیں۔
لواحقین خون کی بوتلیں خود تبدیل کرنے پر مجبور ہیں اور مریضوں کو خود ہی ادویات دے رہے ہیں جبکہ سارا ہسپتال طبی عملے سے خالی ہے۔ پیرا میڈیکل اسٹاف اپنے گھروں تک محدود ہے جبکہ اپنے عزیزوں کو ہسپتال لے کر آنے والے لواحقین مسلسل طبی عملے کے نہ ہونے کی شکایت کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس کی صورتحال کے پیشِ نظر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران شہرِ اقتدار کے سب سے بڑے ہسپتال سے طبی عملے کے غائب ہونے پر عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔