لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کی انتخابی مہم کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ویڈیو بیان جاری کردیا جس میں وعدہ کیا گیا ہے کہ مفتاح اسماعیل حلقے کے ہر گھر کو پانی فراہم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ن لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کے حق میں ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں کراچی آ کر این اے 249 کے عوام سے مل کر دل کی کچھ باتیں کرنا چاہتی تھی اور کچھ عوام کی بھی سننا چاہتی تھی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ میں کورونا کے باعث آپ سب کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتی تھی۔ این اے 249 میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے۔ اگر مفتاح اسماعیل کامیاب ہوئے تو حلقے کے ہر گھر کو پانی فراہم کیاجائے گا۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کا نام جب بھی آتا ہے تو عوام کے ذہن میں ترقی، تعمیر اور امن کا خیال آتا ہے۔ نواز شریف نے کراچی سمیت پورے پاکستان کو امن دیا۔ ن لیگ نے 2 سال میں کراچی میں گرین لائن بنائی۔
سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت ابھی تک گرین لائن کو پایۂ تکمیل تک نہیں پہنچا سکی۔ پورٹ قاسم پر ایل این جی پلانٹس اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس ہم نے ریکارڈ مدت میں لگائے۔
مریم نواز نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو ووٹ دینے سے حلقے کی حالت بدل جائے گی۔ 29 اپریل کو احتیاطی تدابیر استعمال کرتے ہوئے حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ شیر کے نشان پر مہر لگائیں اور ہمارے امیدوار مفتاح اسماعیل کو کامیاب کریں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت 5اگست کے اقدامات واپس لے، پاکستان مذاکرات کیلئے تیار ہے۔وزیرِ خارجہ