مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان سے جلد ملاقات کروں گی۔
مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی سیکرٹریٹ لاہور میں مشاورتی اجلاس ہوا ہے، جس میں مختلف معاملات زیر غور آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
الیکشن کمیشن کی توہین کا کیس، فواد چوہدری کی ضمانت منظور
اجلاس میں محمد زبیر، انوشہ رحمان ، عظمی بخاری، ملک احمد خان ، طلال چوہدری، عابد شیرعلی، جاوید لطیف سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع (ن) لیگ کے مطابق اجلاس میں تنظیمی دوروں کے حوالے سے مشاورت اور شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے پر بات چیت کی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی رہنماؤں کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان سے جلد ملاقات کروں گی۔
پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے مریم نواز نے رہنماؤں سے تجاویز مانگ لیں، عمران خان کے بیانیے پر مسلم لیگ (ن) اپنا نیا بیانیہ سامنے لائے گی، آئندہ انتخابات میں امیدواروں کے حوالے سے ٹکٹ انٹرویو کے بعد دی جائیں گی۔
مریم نواز نے نون لیگ کے امیدواروں کی ہار اور جیت کی تفصیلات مانگ لیں۔
سینئر نائب صدر (ن) لیگ نے پارٹی کو انتخابات کے لئے تیار رہنے کی بھی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کے ترجمان حافظ عثمان عباسی نے ان کے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی تردید کی تھی جبکہ مریم نواز اور نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔