اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم ملک پر حملہ آور لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، پی ٹی آئی نے کارکنان کو اداروں پر حملے کیلئے اُکسایا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریکِ انصاف پر پابندی لگانے کا معاملہ زیرِ غور نہیں تاہم پی ٹی آئی نے کارکنان کو اکسا کر مختلف اداروں پر حملے کیلئے روانہ کیا۔
عمران خان کی گرفتاری، ریلوے اسٹیشن نذرِ آتش
گفتگو کے دوران وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریکِ انصاف کا عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج سیاسی نہیں ہے، نہ ہی عمران خان کو گرفتار کرکے ہم نے کسی سے سیاسی انتقام لیا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ اگر حکومت کو عمران خان کی گرفتاری کا سیاسی فائدہ اٹھانا ہوتا تو سوا سال تک انتظار کرنے کی ضرورت نہیں تھی، بلکہ جب پی ٹی آئی سائفر کی سازش کر رہی تھی، اسی وقت گرفتار کیا جاتا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر مشتعل افراد نے ریلوے اسٹیشن کو آگ لگا دی۔حملہ آوروں نے عمارت میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں جاری پی ٹی آئی کے مظاہرے تاحال جاری ہیں۔ مظاہرین نے اسلام آباد کے ترنول ریلوے اسٹیشن پر حملہ کرنے کے بعد عمارت کو آگ لگائی۔