سری نگر: سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مظلوم کشمیری یومِ شہدائے کشمیر آج منا رہے ہیں۔ پاکستان نے 22 شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق جدوجہدِ آزادئ کشمیر کی تاریخ میں 13 جولائی 1931 کا دن وہ سیاہ باب ہے جب کشمیر کی ڈوگرہ حکومت نے سری نگر میں 22 مظلوم کشمیریوں کو شہید کیا۔
ڈوگرہ حکومت نے 22 مظلوم کشمیری مسلمانوں کو آج سے 90 سال قبل فائرنگ کرکے شہید کردیا جس کی یاد میں آج مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
آج سے 90 سال قبل مظلوم کشمیری سری نگر کی جیل کے باہرجمع ہوئے، مردِ مجاہد عبدالقدیر خان کو مقدمے کی سماعت کیلئے عدالت لے جایا جانا تھا لیکن نمازِ ظہر کے وقت حملہ کیا گیا۔
نمازِ ظہر کے وقت مظلوم کشمیری مظاہرین کو نماز ادا نہیں کرنے دی گئی۔ ایک شخص اذان دینے کیلئے کھڑا ہوا تو ڈوگرا حکمران کے سپاہی نے اسے گولی ماردی جس سے وہ شہید ہوگیا۔
اس موقعے پر مظلوم کشمیریوں نے وہ تاریخ رقم کی جس کی بنیاد پر آج 90 سال بعد بھی انہیں یاد کیا جارہا ہے۔ ایک شخص کے شہید ہونے پر اذان دینے کیلئے دوسرا مردِ مجاہد کھڑا ہوا جسے شہید کردیا گیا۔
اسی طرح ایک ایک کرکے 22 مسلمان اذان دینے کیلئے کھڑے ہوتے رہے جنہیں مسلسل گولیاں مار کر شہید کیا جاتا رہا۔ متعدد مسلمان مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔
ظلم و بربریت کی بد ترین مثال سامنے آنے پر مظلوم کشمیریوں کے دل میں جوش و جذبے نے مزید تقویت پکڑ لی۔ قیامِ پاکستان کے بعد بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرکے ظلم کی نئی داستان رقم کی۔
ہزاروں کشمیری بچوں کو یتیم، ماؤں کو بے سہارا اور نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔ سات عشروں سے زائد عرصے پر محیط جدوجہدِ آزادئ کشمیر آج بھی اسی شدومد سے جاری ہے۔
اس موقعے پر پاکستان نے مظلوم کشمیریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم ان 22 بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو 1931 میں ڈوگرہ حکومت کے سامنے سینہ سپر ہوئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بھارت جتنا بھی ظلم و ستم کر لے، یہ جبر بہادر کشمیریوں کو جدوجہدِ آزادی سے باز نہیں رکھ سکتا۔
On Yaum-e-Shuhada-e-Kashmir, we pay tribute to the 22 brave Kashmiris who laid down their lives fighting Dogra Forces in 1931 & to all Kashmiri martyrs since. History stands witness that no amount of Indian atrocities and occupation can subjugate the spirit of brave Kashmiris.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) July 13, 2021
کشمیری عوام کے نام صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر پر اپنے کشمیری بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 13 جولائی کے شہداء کی روح کو ان کے جانشین زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مظلوم کشمیری عالمی برادری کے تسلیم شدہ حقِ خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان بہادروں کی آزادی کیلئے جدوجہد اب بھی جاری ہے۔ کشمیری عوام کی جنگ بے لوث ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیری عوام کی غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جنگ منصفانہ اور بے لوث ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک سفارتی، سیاسی اور قانونی معاونت کرتا رہے گا۔ کشمیر کی آزادی کا دن دور نہیں، ہم دیکھیں گے۔
کشمیری عوام کی غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جنگ منصفانہ اور بے لوث ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک سفارتی، سیاسی اور قانونی مدد فراہم کرتا رہے گا۔ وُہ دن دور نہیں، انشاء اللہ۔ ہم دیکھیں گے۔
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) July 13, 2021
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی فورم سے خطاب آج کریں گے