لندن: برطانوی شاہی جوڑے کی شادی کے 10 برس مکمل ہونے پر شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے سالگرہ منائی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج سے 10 برس قبل 29 اپریل 2011 کے روز برطانوی شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن سے شادی کی۔ رشتۂ ازدواج کے 10 برس کی تکمیل سے قبل ہی شاہی جوڑے کے انسٹا گرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹس سے تصاویر شیئر کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔
برطانوی شاہی جوڑے کیلئے شادی کی 10ویں سالگرہ ایک یادگار موقع ہے جس پر دنیا بھر سے تہنیتی پیغامات بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہزادی کیٹ اور پرنس ولیم کی ملاقات سینٹ اینڈریو یونیورسٹی اسکاٹ لینڈ میں ہوئی تھی۔
شاہی جوڑے نے شادی سے قبل 6 سال تک ایک دوسرے کو سمجھنے کیلئے ملاقات کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد 16 نومبر 2010 کے روز دونوں کی منگنی کی گئی۔ شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ جب پہلی بار کیٹ سے ملاقات ہوئی تو ایک خاص احساس نے جنم لیا۔
شہزادہ ولیم نے کہا کہ مجھے محسوس ہوا کہ کیٹ کی شخصیت کو جاننے کیلئے مجھے انہیں وقت دینا ہوگا۔ کچھ وقت تک ہم دوست رہے لیکن ہماری دوستی کی جڑیں وقت کے ساتھ مضبوط ہوتی چلی گئیں۔ برطانوی شہزادے نے یہ باتیں منگنی کے بعد کہیں۔
بعد ازاں 29 اپریل 2011 کے روز شہزادی کیٹ مڈلٹن سے شہزادہ ولیم کی شادی ہوئی جس کی تقریب کو سوشل میڈیا پر 2 ارب 5 کروڑ افراد نے دیکھا۔ شادی کے بعد ملکۂ برطانیہ نے کیٹ مڈلٹن کو کیمبرج کی شہزادی کا لقب دیا۔ آج برطانوی شاہی جوڑے کی 3 اولادیں ہیں۔
خیال رہے کہ 2 برس قبل شہزادی کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم دورے کیلئے پاکستان آئے اور 10 برس میں کسی بھی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ تھا۔ دونوں نے پاکستان کے دورے کے دوران یادگار تصاویر کھنچوائیں اور سیروتفریح کی۔
اس دوران برطانوی شاہی جوڑے نے اسلام آباد، لاہور اور شمالی علاقہ جات کے خوبصورت مقامات کی سیر کی، وزیرِ اعظم عمران خان سمیت مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور 18 اکتوبر 2019ء کے روز وطن واپس روانہ ہوگئے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا دورہ مکمل کرکے برطانوی شاہی جوڑاوطن واپس روانہ