پاکستانی فلم اسٹار اور ٹی وی ایکٹریس ماہرہ خان کو اقوامِ متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خیر سگالی سفیر مقرر کردیا ہے جس کے بعد انہوں نے پاکستان میں پیدا ہونے پر فخر کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فلم اسٹار ماہرہ خان نے کہا کہ خیر سگالی سفیر بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے جبکہ میں اس دھرتی کی بیٹی ہوں جس نے 40 سال سے مہاجرین کے لیے بانہیں پھیلا رکھی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ میں اس نیک مقصد کے لیے منتخب کیے جانے پر خود کو خوش قسمت محسوس کرتی ہوں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے خیر سگالی سفیر مقرر کیے جانے پر اقوامِ متحدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا اور خدا نے مجھے مقصد کے لیے چنا، میں پوری کوشش کروں گی کہ آپ کی توقعات پر پوری اتروں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ پاکستانی عوام نے افغان مہاجرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے، اور پاکستان گزشتہ 4 دہائیوں سے 40 لاکھ مہاجرین کی مدد میں مصروف ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نامور اداکارہ ماہرہ خان معروف سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر 50 لاکھ فالورز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں۔
مزید پڑھیں: اداکارہ ماہرہ خان کے لیے ایک اور اعزاز، انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 50 لاکھ ہوگئی