کراچی: پاکستانی فلم انڈسٹری کی مشہورومعروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ مرینہ خان شوبز میں میری پہلی دوست ہیں جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا جبکہ انہوں نے مجھے شہرت کی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے ایک پیغام میں اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ مرینہ خان دنیا کیلئے پاکستان کی سب سے اچھی اداکارہ ہیں لیکن میرے لیے وہ شوبز انڈسٹری کی پہلی دوست بنیں جن سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
اپنے پیغام میں اداکارہ ماہرہ خان نے پی ٹی وی کی معروف اداکارہ مرینہ خان کی اپنے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف مرینہ خان بلکہ ان کے شوہر بھی میرے لیے معاون ثابت ہوئے۔ یہ وہ پہلے دو لوگ تھے جنہوں نے مجھے خوش آمدید کہا۔
اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ بڑے غیر محسوس سے انداز میں اداکارہ مرینہ خان اور ان کے شوہر نے مجھے وہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا جو میں آج ہوں۔ جس طرح میں اپنے آپ کو، جونیئرز اور سینئرز کو ارو کامیابیوں اور ناکامیوں کو دیکھتی ہوں، اس میں ان دونوں کا بڑا اہم کردار ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ میرے موجودہ رویے کا تعلق مرینہ خان کے گھر میں بتائے گئے وہ شب و روز ہیں جو میں نے دونوں میاں بیوی کے ساتھ گزارے۔ ان کا گھر آج بھی ہر ایک کیلئے کھلا ہے جہاں میں بے حد اچھے لوگوں سے ملی۔
انہوں نے کہا کہ میرا یہ پیغام اداکارہ مرینہ خان اور ان کے شوہر کے نام ہے جن کا میں شکریہ ادا کرتی ہوں۔ دونوں میاں بیوی کو ٹیگ کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ میں اپنی پوری زندگی میں آپ دونوں کی شکر گزار رہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: میری آنے والی فلموں سے فلم انڈسٹری کا معیار بہتر ہوگا۔ ماہرہ خان