بالی ووڈ کے دو نامور ستارے مادھوری ڈکشٹ اور عامر خان کبھی فلم سازوں کے لیے ایک پرخطر انتخاب سمجھے جاتے تھے کیونکہ ان کی فلمیں مسلسل ناکام ہو رہی تھیں تاہم فلم دل کی ریلیز نے ان کے کیریئر میں ایک زبردست موڑ لایا اور یہ فلم نہ صرف ان کے لیے کامیابی کا ذریعہ بنی بلکہ باکس آفس پر بھی زبردست ہٹ ثابت ہوئی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں تجربہ کار اداکار آدی ایرانی نے فلم دل اور بیٹا کے پس پردہ دلچسپ کہانیاں شیئر کیں اور بتایا کہ کس طرح ان فلموں نے مادھوری ڈکشٹ اور عامر خان کے کیریئر کو نئی زندگی بخشی۔
آدی ایرانی کے مطابق دل سے پہلے عامر خان کو مسلسل چھ سے سات ناکامیوں کا سامنا تھا حالانکہ ان کی پہلی فلم کامیاب رہی تھی۔ فلم پروڈیوسرز انہیں کاسٹ کرنے سے گریزاں تھے کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ عامر کی فلمیں زیادہ کامیاب نہیں ہوتیں۔
دوسری طرف مادھوری ڈکشٹ نے بھی کئی بڑی فلمیں سائن کی تھیں لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ان کی فلمیں یا تو تاخیر کا شکار ہوئیں یا باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکیں جس کی وجہ سے انہیں بھی ایک غیر یقینی انتخاب سمجھا جاتا تھا۔
فلمی ویب سائٹ فلمی منتر میڈیا کے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے آدی ایرانی نے کہا عامر خان کو ان کے ابتدائی کامیاب تجربے کے بعد ایک ناکام ہیرو سمجھا جا رہا تھا اور پروڈیوسرز انہیں فلموں میں کاسٹ کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے تھے۔
مادھوری ڈکشٹ نے بھی کئی بڑی فلمیں سائن کیں لیکن کچھ ناکام ہوئیں اور کچھ پروڈکشن میں پھنس گئیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم دل اس وقت بنی جب ہدایت کار اندرا کمار کو انیل کپور نے مشورہ دیا کہ وہ اپنی بڑی فلم کے بجائے ایک چھوٹے بجٹ کی فلم پر کام کریں۔
اصل میں دل کے لیے انیل کپور کو کاسٹ کیا جانا تھا لیکن ان کے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اندرا کمار نے عامر خان اور مادھوری ڈکشٹ کو فلم میں شامل کیا۔ ابتدا میں اس انتخاب کو ایک خطرہ سمجھا گیامگر فلم نے توقعات سے بڑھ کر کامیابی حاصل کی۔
آدی ایرانی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بلاک بسٹر فلم بیٹا کی کہانی بھی حیران کن تھی۔ اصل میں اس فلم میں مرکزی کردار کے لیے سری دیوی کو منتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے ایک نئے ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا۔
اس کے نتیجے میں مادھوری ڈکشٹ، جو ابھی فلم دل مکمل کر چکی تھیں، اس فلم میں شامل ہوئیں۔ اس وقت یہ فیصلہ بھی تنقید کی زد میں تھا کیونکہ دل ابھی ریلیز نہیں ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق انیل کپور نے اس وقت اندرا کمار سے کہا تھا کہ سری دیوی نے انکار کر دیا اور تم نے کسی بڑی ہیروئن کو لینے کے بجائے مادھوری کو سائن کر لیا؟ یہ فلم کے لیے ایک اور نقصان دہ فیصلہ لگ رہا ہے لیکن جیسے ہی دل ایک بڑی کامیابی بنی، مادھوری ڈکشٹ کی موجودگی فلم بیٹا کے لیے سب سے بڑی طاقت ثابت ہوئی۔
ابتدائی خدشات کے باوجود بیٹا نے بھی توقعات سے زیادہ کامیابی حاصل کی اور دل سے بھی بڑی ہٹ بن گئی۔ ان دو فلموں کی زبردست کامیابی نے مادھوری ڈکشٹ اور عامر خان کو بالی ووڈ کے سپر اسٹارز کے طور پر مستحکم کر دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ ہر ناکامی ایک اور بڑی کامیابی کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔