لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین تعینات

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

asim bajwa
لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین تعینات

اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو چار سال کے لیے سی پیک اتھارٹی کا چیئرپرسن تعینات کیا گیا ہے، اس حوالے سے سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عاصم سلیم باجوہ کی تقرری ایم پی ون اسکیل کے تحت 4 سال کی مدت کے لیے کی گئی ہےجب کہ ان کی مدت ملازمت جوائنگ کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ عاصم سلیم باجوہ کی مدت کا آغاز عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے ہوگا، جبکہ اتھارٹی وزارت منصوبہ بندی و اصلاحات کے تحت کام کرے گی۔

خیال رہے کہ سی پیک اتھارٹی کی سربراہی کیلئے تین نام بھیجے گئے تھے، تاہم لیفیٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کویہ اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ،سی پیک اتھارٹی ایک چیئرپرسن، ایک چیف ایگزیکٹو افسر، 2 ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور 6 اراکین پر مشتمل ہوگی۔

سی پیک اتھارٹی کے قیام کا مقصد سی پیک سے متعلق تعمیری سرگرمیوں کی رفتار بڑھانے اور ترقی کے نئے امکانات تلاش کرنا ہے،اگست میں وزیراعظم عمران خان نے سی پیک اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سابق ترجمان پاک فوج اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں،انہوں نے 1984میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ کمانڈ اینڈاسٹاف کالج کوئٹہ اورنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔

انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے وار اسٹڈیز اور کنگز کالج لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے تمغہ بسالت اور ہلال امتیاز جیسے اہم اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈعاصم سلیم باجوہ پاک فوج میں ایک تھری اسٹارجنرل تھے، انہوں نے پاکستان آرمی میں کئی اہم عہدوں پر ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے کریئرکااختتام بطورکمانڈرسدرن کمانڈ کیا۔

Related Posts