کراچی:غریب عوام سے اس کے گھر کا چولہا بھی چھیننے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ایل پی جی کی قیمت میں پچھلے 6 ماہ میں 53 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 1572 روپے سے بڑھ کر 2403 روپے تک جا پہنچی۔
آئل اینڈ گیس اتھارٹی(اوگرا)کے دستاویز کے مطابق مئی میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 1572 روپے تھی جو اکتوبر میں بڑھ کر 2403 روپے تک جاپہنچی۔ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا بڑھنا قرار دیا ہے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ 17 فیصد سیلز ٹیکس اور 5 روپے پٹرولیم لیوی کم ہوتو عوام کو ریلیف مل سکتاہے، گھریلو سلنڈر پر مارکیٹنگ کمپنی کا مارجن بھی 413 روپے مقرر ہے۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مئی میں ایل پی جی کی امپورٹ پرائس 74 ہزار 223 روپے فی میٹرک ٹن تھی، جو اکتوبر میں بڑھ کر 1 لاکھ 34 ہزار روپے فی میٹرک ٹن ہو گئی۔
واضح رہے 30 ستمبر کو مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت 3 دنوں میں 29 روپے فی لیٹر سے اضافہ کرکے 204 روپے کردی تھی جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 2403 روپے ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: ڈسٹری بیوٹرز کا ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف دھرنے کا اعلان