پاکستان چلاناکرکٹ میچ نہیں ،عوام نااہل حکومت کوگھربھیجناچاہتےہیں، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

bilawal bhutto
پاکستان چلاناکرکٹ میچ نہیں ،عوام نااہل حکومت کوگھربھیجناچاہتےہیں، بلاول بھٹو

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان جیسا ملک چلانا کرکٹ میچ جیسا نہیں ہے، بدقسمتی سے یہ سیاسی نہیں کٹھ پتلی اور کھلاڑی ہیں، اب عوام نا اہل حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے آصفہ بھٹو اور وکلاء کی ٹیم کے ہمراہ سابق صدر آصف زرداری سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھا کہ قیدیوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، عدالت نے آصف زرداری کو میڈیکل سہولتیں دینے کا حکم دیا، میڈیکل بورڈ کی سفارش پر انہیں اسپتال منتقل کرنے کا کہا گیا تھا، لیکن اس پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا ہے ، دوائیوں کےلئے جیل حکام فریج فراہم نہیں کر ر ہےہیں۔

بلاول بھٹونے کہا کہ آصف زرداری کے صحت کو لے کر حکومت میرے خاندان اور میری جماعت کو دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہم پیپلز پارٹی والے ہیں، ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے کارکن ہیں، ہم نے ان ظلموں کے سامنے پہلے بھی سر نہیں جھکایا تھا اور آج بھی سر نہیں جھکائیں گے۔

انہوں نےکہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ بھی ہے کہ سابق صدر کو اسپتال منتقل کیا جائے لیکن افسوس کے ساتھ کہتا ہوں کہ آج تک ان احکامات پر عمل نہیں ہو رہا ہے، ہم اپنے انسانی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں جو ہر پاکستانی کا حق ہے، امید ہے کہ عدالت ہماری بات سنے گی اور انصاف دے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کسی ایک جماعت کے ساتھ نہیں، ہم جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ مولانا کے ساتھ پہلے بھی ہمارا تعلق رہا ہے، آزادی مارچ کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کریں گے اور خوش آمدید بھی کہیں گے، اگر مولانا کو احتجاج کے آئینی حق سے روکا گیا تو پیپلز پارٹی اپنے لائحہ عمل پر غور کرے گی۔

ان کا کہناتھا کہ پورے ملک میں سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ سندھ کے کیس کو کیسے راولپنڈی میں چلایا جا رہا ہے، بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ کو تالا لگا دیا ، زینب الرٹ بل کو بھی ایوان میں نہیں لایا گیا، پاکستان جیسا ملک چلانا کرکٹ میچ جیسا نہیں ہے۔

ایک جانب بھارت کے پاکستان پر حملے اور دوسری جانب اندورنی انتشار سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ میں بھی یہی سمجھتا ہوں اسی لیے عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے۔ یہ سیاسی لوگ نہیں کٹھ پتلی ہیں،یہ امیچور ہیں، ان کے پاس مسائل کا حل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کا ضمنی الیکشن، الیکشن نہیں سلیکشن تھا، فافن نے بھی رپورٹ کیا کہ الیکشن میں بے قاعدگی ہوئی، ہم ہر فورم پر انہیں بے نقاب کریں گے،تمام سیاسی جماعتیں احتجاج اور جلسے کریں، لیکن ایسا قدم نہ اٹھائیں، جس سے تیسری قوت کو موقع ملے۔

Related Posts