کراچی: تحریک انصاف کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے لیاقت آباد میں گرنے والی پانچ منزلہ بلڈنگ کے متاثرین سے کیا گیا وعدہ پورا کردیاہے، حنیدلاکھانی سیکرٹریٹ میں لیاقت آباد بلڈنگ متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر حنید لاکھانی نے کہا کہ یہ مالی امداد متبادل نہیں لیکن بیت المال کی جانب سے ملنے والی کچھ رقم ہے،جس سے یہ فوری طور پر کوئی مکان کرائے پر لے سکتے ہیں، بیت المال کا کام ہے کہ کوئی قدرتی آفت، مصیبت، مشکل یا وبائی بیماری آ جائے تو لوگوں کی مدد کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، حنیدلاکھانی نے کہا کہ شہر قائد میں یہ پہلی بلڈنگ نہیں ہے جو گری ہے جگہ جگہ کراچی میں کنسٹرکشن ہو رہی ہے،اس کی وجہ یہ ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اپرول دینا بند کردی ہے، تمام غیر قانونی تعمیرات کے پیچھے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ہاتھ ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایس بی سی اے کو سندھ حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادیوں کے نئی کنسٹرکشن ہونی چاہیے اور یہ صوبائی حکومت کا کام ہوتا ہے کیونکہ جیسے جیسے آبادی بڑھتی ہے تو لوگوں کو رہائش کے لئے مکانوں کی ضرورت پڑتی ہے، بدقسمتی سے ہمارے شہر میں مکان بنانے کے لئے اپروول لینے کا طریقہ کار اتنا مشکل ہے کہ عام آدمی چکر لگا لگا کر تھک جاتا ہے لیکن اپروول نہیں ملتا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران صرف پیسہ بنانے کے لئے لگے ہوئے ہیں، سندھ حکومت میں موجود تمام وزیر سیاست میں پیسہ کمانے کے لئے آتے ہیں، پیپلز پارٹی والے تمام لوگ سیاست میں لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے نہیں آئے بلکہ پیسہ کمانے کے لئے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی نظر میں انسانی جان و مال کی کوئی اہمیت نہیں ہے ان کا سب کچھ بس دولت اور لوٹ مار ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کاموں اور لوٹ مار کا سب کوپتہ ہے ان کی کوشش ہوتی ہے بغیر قانونی تقاضوں کو پورا کیے بلڈنگز بنیں تا کہ ان لوگوں کی کمائی ہو۔