نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں قبضہ مافیا سرگرم، غیرقانونی تعمیرات عروج پر پہنچ گئیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Land mafia starts occupying in North Karachi industrial area

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:  تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات سے صنعتوں کو خام مال کی فراہمی، برآمدی مصنوعات کی بندرگاہوں کو ترسیل متاثر، صنعتکاروں نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیربلدیات سے تجاوزات کے خاتمے،غیرقانونی تعمیرات رکوانے کا مطالبہ کردیا۔

نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان اور صدرنسیم اختر نے صنعتی ایریا میں قبضہ مافیا کی بڑھتی غیرقانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیربلدیات ناصر حسین شاہ سے نوٹس لینے اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث سندھ حکومت سمیت دیگرمتعلقہ ادارے اس وبا کی روک تھام کے اقدامات میں مصروف ہیں جس کا قبضہ مافیا نے فائدہ اٹھانا شروع کردیا ہے۔

نکاٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی تمام تر توجہ کورونا کی وباء کو روکنے پر مرکوز ہونے کے بعد نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں قبضہ مافیا سرگرم ہو گیا ہے اور صنعتی ایریا میں تجاوزات قائم کرنا شروع کردی ہیں جبکہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بھی زور پکڑ گیا ہے اور اب تو ان کی دیدہ دلیری اس حدتک بڑھ گئی ہے کہ وہ مرکزی شاہراہوں پر بھی تجاوزات قائم کرنے اور غیرقانونی تعمیرات کرتے ہوئے کسی خوف کا شکار نہیں ہوتے۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے سیکٹر6اے میں مرکزی شاہراہ پر غیر قانونی طور پر مکان کی تعمیر کی جارہی تھی جسے پولیس کی مدد سے رکوایا گیالہٰذا قبضہ مافیا کی بڑھتی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ مؤثر کارروائی کی جائے کیونکہ غیر قانونی طور پر بڑھتی تعمیرات اور تجاوزات کی وجہ سے صنعتوں کو جانے والے کشادہ راستے تنگ ہورہے ہیں جس سے صنعتوں کو خام مال کی فراہمی کے ساتھ ساتھ برآمدی صنعتوں سے بندرگاہوں کے لیے مال کی ترسیل بھی تاخیر کا شکار ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: نکاٹی کا ورکرز کو بیروزگاری سے بچانے کیلئے اسٹیٹ بینک کی ری فنانس اسکیم کا خیرمقدم

کیپٹن اے معیزخان اورنسیم اختر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،وزیربلدیات ناصر حسین شاہ سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی تعمیرات کو روکنے میں اپنا کردار اداکریں اورمتعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت کریں تاکہ بلارکاوٹ صنعتی سرگرمیاں جاری رکھی جاسکیں۔

Related Posts