لاہور قلندرز نے مسلسل دوسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت لیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کی ٹرافی کیلئے حتمی معرکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا، جس میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے اور ملتان کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف ملا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ اوپنگ کیلئے آئے تو دونوں نے آغاز سے ہی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، مرزا طاہر بیگ نے 166 اعشاریہ 67 سٹرائیک ریٹ سے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور 38 کے مجموعی سکور پر احسان اللہ کی گیند پر خوشدل شاہ کو کیچ دے بیٹھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے کریز پر موجود عبد اللہ شفیق کا ساتھ دیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 178 تک پہنچا دیا، اس کے بعد عبد اللہ شفیق ہمت ہار بیٹھے اور 40 گیندوں پر 65 رنز کے ساتھ انور علی کے گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ہدف کے جواب میں کپتان محمد رضوان اور پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے والے عثمان خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا،پہلے پاور پلے میں عثمان خان 18 رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد رئیلی روسو اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 105 پر پہنچا دیا۔

رئیلی روسو نے 32 گیندوں پر شاندار 52 رنز کی اننگز کھیلی اور راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، کیرن پولارڈ اور محمد رضوان کا ساتھ 122 کے مجموعی سکور تک رہا اس کے بعد محمد رضوان بھی 34 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر ڈیوڈ ویزے کو باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، ٹم ڈیوڈ بھی 20 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

واضح رہے کہ چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ 12 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔