پیر کے روز شدید مندی کے دباؤ کے بعد منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دوبارہ تیزی دیکھی گئی اور خریداری کے رجحان نے برتری حاصل کر لی، جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 900 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح 10 بج کر 50 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 866.25 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 0.51 فیصد مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے انڈیکس کی مجموعی سطح 1 لاکھ 71 ہزار 466 اعشاریہ 45 پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچی۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران جن اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان نمایاں رہا، ان میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ انڈسٹری، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنری سیکٹر شامل تھے۔
انڈیکس میں بھاری وزن رکھنے والے اسٹاکس جیسے اٹک ریفائنری لمیٹڈ، حبکو، ماری انرجیز، او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، حبیب بینک اور میزان بینک مجموعی طور پر مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز منفی رجحان کے ساتھ ہوا تھا اور مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر امریکا اور ایران کے مابین ممکنہ امن معاہدے پر کوئی واضح پیشرفت نہ ہونا سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کی بڑی وجہ تھی۔
پیر کے روز مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد اختتام منفی سطح پر ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 3,362.62 پوائنٹس یعنی 1.93 فیصد کمی کے ساتھ گر کر 170,600.20 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








