بالی ووڈ کی تاریخ میں سنگِ میل قائم کرنے والی مقبول ترین فلم سیریز کا چوتھا حصہ “کرش 4” اگلے سال شائقین کے دلوں پر راج کرنے کے لیے تیار ہے۔
امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم نہ صرف سینما گھروں میں دھوم مچائے گی بلکہ گزشتہ 12 سالوں سے فلم کے منتظر شائقین کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑانے میں بھی کامیاب رہے گی، جبکہ کرش سیریز کی تاریخ کم و بیش 22سال پرانی ہے جب کوئی مل گیا نے باکس آفس پر اچھے بزنس سے فلمی سفر کا آغاز کیا۔

سال 2003 میں “کوئی مل گیا” نے بچوں اور بڑوں کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنائی۔ یہ فلم، جو ریتک روشن کے کیریئر کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوئی، سال کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔ اس کی کل کمائی 85.3 کروڑ روپے رہی اور اس کے گانے بھی کافی مقبول ہوئے۔

بعد ازاں 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم “کرش” نے ایک بار پھر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔ فلم نے 126.55 کروڑ روپے کمائے اور شائقین کو ایک منفرد سپر ہیرو کی کہانی سے روشناس کرایا۔ پھر 2013 میں “کرش 3” آئی اور یہ فلم 393.37 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔ اس سیریز کی ہر فلم نے نہ صرف شائقین کے دل جیتے بلکہ باکس آفس پر بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔

آج 12 سال کے طویل انتظار کے بعد شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ راکیش روشن کی ہدایت کاری میں “کرش 4” کی تیاری عروج پر ہے، اور یہ فلم 2026 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ فلم نہ صرف گزشتہ روایات برقرار رکھے گی اور ہوسکتا ہے کہ مقبولیت کے نئے ریکارڈز بھی قائم کرڈالے۔