ٹانک: پولیس نے خیبر پختونخوا کے تھانہ گومل پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ تھانے پر 10 سے 15 دہشت گرد حملے کی نیت سے آئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے ضلع ٹانک کے تھانہ گومل پر دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام بنائی۔ ہفتے کی رات 10 بجے 10 سے 15 دہشت گرد حملے کی نیت سے پیش قدمی کرتے نظر آئے تھے۔
شمالی وزیرستان، خودکش حملے میں 3 افراد جاں بحق، 20 زخمی
خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حمل جدید ٹیکنالوجی سے دیکھ کر اپنا بھرپور ردِ عمل دیتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ 15 منٹ تک فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد پسپا ہو گئے۔
بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو میدان چھوڑ کر بھاگنا پڑا، تاہم اس دوران دونوں جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے جوانوں کی تعریف کی۔
آئی جی خیبر پختونخوا حیات خان نے گومل تھانے کے ایس ایچ او سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کے عزم و حوصلے کو سراہا اور حملہ ناکام بنانے والوں کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔
دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو 50 ہزار روپے نقد اور تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنائے جانے کے بعد پولیس اہلکاروں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔