لاہور: عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں خواجہ آصف نے ضمانت کیلئے درخواست دی تھی جس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں عدالت کے 2 رکنی بینچ نے درخواستِ ضمانت کی سماعت کرنا تھی۔
ن لیگی رہنما خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کیلئے لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ میں شامل جسٹس فاروق حیدر کے رخصت ہونے کے باعث پیشی فہرست منسوخ کردی گئی۔ ضمانت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔
معزز عدالت کا خواجہ آصف کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کا حکم
قبل ازیں کیس میں دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب احتساب عدالت لاہور نے ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ آصف کو گھر کا کھانا، ادویات اور اسپیشل میٹریس فراہم کرنے کا باضابطہ حکم جاری کردیا۔
احتساب عدالت لاہور نے رواں برس 30 جنوری کو خواجہ آصف کو جیل میں سہولیات دینے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ملزم کو گھر کا کھانا، ادویات اور سپیشل میٹریس فراہم کیا جائے،جیل رولز 1978 کی دفعہ 375 کے تحت سپرنٹنڈنٹ جیل سہولیات فراہم کریں۔
مزید پڑھیں: خواجہ آصف کو گھر کا کھانا فراہم کیا جائے۔عدالت کا تحریری فیصلہ
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی درخواست ضمانت کو 17 اپریل کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے 20 اپریل کی تاریخِ سماعت مقرر کی۔
ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ کو درخواست پر سماعت کیلئے مقرر کیا گیا۔ عدالت نے چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
خواجہ آصف کی لاہور ہائی کورٹ کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب کو پہلے ہی کیس کا ریکارڈ فراہم کیا جاچکا ہے، نیب کا کیس کمزور اور بے بنیاد ہے، عدالت درخواستِ ضمانت کو منظور کرے۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے مقرر