نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں خوشدل شاہ کی ریکارڈ سنچری نے جنوبی پنجاب کو ایونٹ کی پہلی کامیابی دِلا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ کے بیٹسمین خوشدل شاہ نے 36 گیندوں پر 100 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ٹی ٹوئنٹی کپ میں خرم منظور نے چوتھی بار سنچری کی جو رائیگاں گئی۔
خوشدل شاہ نے 9 چھکوں اور 8 چوکوں پر مشتمل دھواں دھار اننگز کھیلی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کپ اور پاکستان کے میدانوں میں بنائی گئی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز ترین سنچری تھی۔
سدرن پنجاب نے 217 رنز کاپہاڑ جیسا ہدف 2 گیندیں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ہدف عبور کیا۔ اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت نےبھی عمدہ بیٹنگ سے سندھ کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔
مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت 36 گیندوں پر62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انور علی نے 47 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں سندھ کے اوپنر خرم منظور نے 58 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے دوسری وکٹ کے لیے اسد شفیق کے ہمراہ 123 رنز جوڑے۔
اسد شفیق 37 گیندوں پر 59 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ سندھ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنزبنائے۔سدرن پنجاب کے محمد الیاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ ریکارڈ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے خوشدل شاہ کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب کوشدت سے جیت کا انتظار تھا اور خوشی ہے کہ ان کی انفرادی کارکردگی کی بدولت ٹیم کو ایونٹ کی پہلی کامیابی کا مزہ چکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نےمزید کہا کہ حسین طلعت اور میں نے ہر اوور میں 2 باؤنڈریز لگانے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے ہم ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ خوشدل شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ میچوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سنٹرل پنجاب کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ گردن میں تکلیف کی شکایت کے باعث قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے دستبردار ہو گئے۔
فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی دستبرداری کا فیصلہ انجری کے باعث کیا گیا، ان کی جگہ وقاص مقصود سنٹرل پنجاب ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
مزید پڑھیں: نیشنل ٹی ٹوئنٹی، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کپ سے دستبردار