عدالت نے میرے پاس تم ہو اور جنٹلمین سمیت متعدد ڈرامے لکھنے والے خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس پر سماعت کل 9 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جج ارشد جاوید نے خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس کی سماعت کی جس کے دوران ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 10 ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ مقدمہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران حسن شاہ سمیت ملزمان کے وکلاء نے ملزمان کے بیانات پر حتمی دلائل دیئے۔ ڈپٹی پراسکیوٹر عبد الجبار ڈوگر کیس پر بحث مکمل کرتے ہوئے عدالت سے آمنہ عروج سمیت ملزمان کو سزا دینے کی درخواست کی، جس پر عدالت نے آمنہ عروج کے وکیل سے حتمی دلائل طلب کرلیے۔
گواہان کا کہنا تھا کہ ملزمہ آمنہ عروج نے دھوکے سے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو اپنے فلیٹ پر بلایا اورحسن شاہ کے ساتھ مل کر انہیں اغوا کرکے 1 کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت بدھ کے روز ملزمان کے وکلاء کی حتمی بحث کے بعد مقدمے کا فیصلہ سنائے گی۔