ترکیہ کے شہر استنبول کی مساجد میں کھلے عام شراب نوشی کرتے ہوئے ریاست کو للکارنے اور نعوذ باللہ “اللہ اکبر” کی جگہ “اتا ترک اکبر” کا نعرہ لگانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر گزشتہ کچھ دنوں سے متعدد تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی تھیں، ایک شخص ترکیہ کی مختلف مساجد میں کھلے عام شراب نوشی کرتا اور پھر تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دیتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
مودی سرکار کا جنوری میں بابری مسجد کی جگہ تعمیر رام مندر کھولنے کا اعلان
مذکورہ شخص جو تصاویر اور ویڈیوز اپلوڈ کرتا ان میں ریاست کو بھی للکارتا، ساتھ ہی کہتا کہ استنبول میں 3200 مساجد ہیں کوئی مجھے ڈھونڈ نہیں سکے گا، اس شخص نے دیگر شرابیوں کو بھی کہا کہ وہ بھی مسجد میں آکر شراب پئیں۔
ان تمام پوسٹ اور دھمکی آمیز پیغامات کے بعد ترکیہ پولیس حرکت میں آگئی۔
ملزم کی ایک پوسٹ پر کسی نے کمنٹس کرتے ہوئے بتایا کہ تصویر میں موجود یہ مسجد سلطان سلیمان قانونی مسجد ہے جس کے بعد ترکیہ پولیس نے سوشل میڈیا کی مدد سے مجرم کو ٹریک کیا۔
مسجد تک رسائی حاصل کرنے کے بعد پولیس وہاں نصب کیمروں کی مدد سے واقعے کا جائزہ لیتے ہوئے مجرم تک پہنچ گئی۔
چند ہی گھنٹوں میں مسجد میں شراب پینے اور ویڈیو بنا کر ریاست کو للکارنے والا شخص ترکیہ پولیس کے ہاتھ لگ گیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔