وفاقی وزیر ماحولیات زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے لیے اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم تک گئے۔ کشمیری بھائی خود کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں، ہر پاکستانی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ماحولیات زرتاج گل وزیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔ مظلوم کشمیری بوڑھوں، بچوں اور خواتین کوبھارتی فوج ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کرفیو 54ویں روز میں داخل، مواصلات اور نقل و حمل بند
زرتاج گل وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اقوامِ عالم کے سامنے پیش کریں گے۔ بھارتی فوج کے ظلم و ستم کے باوجود ہر کشمیری حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کے لیے سینہ سپر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کو مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانی چاہئے۔ پاک فوج اور عام شہریوں سمیت پورا پاکستان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ ہم ظلم کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر مملکت برائے انسدادِ منشیات و سیفران شہر یار خان آفریدی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان اقوامِ متحدہ میں بھارت کے مظالم کو بے نقاب کریں گے۔
وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کا مقدمہ عالمی برادری کے سامنے پیش کریں گے جبکہ کشمیر میں جاری 54 روزہ کرفیو کے حقائق سے بھی آگاہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔شہریار آفریدی