راولپنڈی:کشمیر پریمیرلیگ میں مظفرآباد ٹائیگرز کی نمائندگی کرنے والے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ سہیل تنویر نے کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کے پہلے ایونٹ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کھیلو آزادی سے‘‘ سلوگن کے ساتھ شروع ہونے والی کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کے انعقاد سے کشمیری نوجوانوں کو اپنی کرکٹ صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا جس سے نیا ٹیلنٹ اُبھر کر سامنے آئے گا۔
ٹی ٹونٹی کے مایہ ناز کھلاڑی سہیل تنویر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ کشمیر پریمیر لیگ دنیا کیلئے کشمیر کاز سے آگاہی کا سبب بنے گی۔
کشمیر پریمیر لیگ سے دنیا کو پتہ چل جائیگا کہ بھارت کے قبضہ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں کیا حالات ہیں اور آزاد کشمیر میں کیا حالات ہیں، وہاں گلیاں بھی بند ہیں اور یہاں کرکٹ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پریمیرلیگ سے عالمی سطح پر کشمیر کے خوبصورت مناظر اور ثقافت کو فروغ ملے گا اورلیگ کے انعقاد سے پوری دنیا میں کشمیر کاز اجاگر کرنے اور کشمیر کو عالمی کھیلوں میں متعارف کرانے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل)ا پنے طرز کی منفرد لیگ ثابت ہوگی، میں اُمید کرتا ہوں کہ کشمیر پریمیر لیگ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
مزید پڑھیں: کرکٹر محمد رضوان: دنیائے کرکٹ کے افق پر چمکتا ہوا ایک روشن ستارہ