کراچی: نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی کراچی ٹریفک پولیس نے کلفٹن، باغ ابن قاسم اور سی ویو جیسے علاقوں میں شہریوں کی متوقع بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے تفصیلی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹریفک پولیس نے ڈیفنس کے رہائشیوں کے لیے آسانی فراہم کرنے کے لیے متبادل راستوں کا بندوبست کیا ہے تاکہ وہ اپنی منزل تک با آسانی پہنچ سکیں۔
پولیس نے زور دیا ہے کہ ڈیفنس کے رہائشی اپنے اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھیں تاکہ سیکورٹی چیک پوائنٹس پر دکھا سکیں تاہم کورنگی سے خیابان اتحاد کے راستے سی ویو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد اور گلشن اقبال سے آنے والے شہری تین تلوار اور خیابان شمشیر کا استعمال کرتے ہوئے سی ویو تک پہنچ سکیں گے۔گڈاپ، بن قاسم اور لانڈھی سے آنے والے شہری شارع فیصل، تین تلوار، اور خیابان شمشیر کے راستے سی ویو جا سکیں گے۔
سی ویو سے واپسی کے لیے گھڑی چوک، خیابان اتحاد روڈ اور اختر کالونی کے راستے اپنے گھروں کو جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ دو دریا سے واپس جانے والے گلف کلب روٹ استعمال کر سکتے ہیں۔
ماری پور روڈ اور جناح برج کے ذریعے مائی کولاچی جانے والے بھاری ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
بھاری گاڑیوں کو شام 7 بجے کے بعد شہر میں داخل ہونے سے روک دیا جائے گا اور یہ پابندی ٹریفک کی مکمل بحالی تک جاری رہے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
پچھلے سال، ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کراچی میں 31 افراد زخمی ہوئے تھے، جس پر کئی افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے واقعات پولیس کو رپورٹ کریں۔ انہوں نے عوام کو پرامن اور ذمہ دارانہ طریقے سے نئے سال کا جشن منانے کی ہدایت دی ہے۔