کراچی: نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے جارہے پاکستان اور نیوزلینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم نے پہلے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بولنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اوپنرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے، 12 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق اعجاز پٹیل کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 7 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ شان مسعود بھی 3رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وہ مچل بریسویل کی گیند پر زور دار ہٹ لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔
امام الحق بھی بریسویل کی گیند پر آگے بڑھ کر چھکا لگانے کی کوشش میں 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
تین کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور سعید شکیل نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن جب ٹیم کا اسکور 110 رنز پر پہنچا تو سعود شکیل 22 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے اپنا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سنچری مکمل کی جبکہ سرفراز احمد نے بھی تقریباً 4 سال بعد ٹیم میں واپسی کے بعد پہلی ہی اننگز میں 86 رنز اسکور کئے۔
مزید پڑھیں:جب تک پرانی سوچ سے نہیں نکلیں گے نمبر ون نہیں ہوں گے، شاہد آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد 86 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کا شکار بنے جب کہ اس وقت وکٹ پر قومی کپتان بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔